حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر تبلیغات اسلامی میں ثقافتی، تبلیغی و جدید میڈیا امور کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین سعید روستا آزاد نے شہر قم میں منعقدہ عوامی اجتماع میں شرکت اور خطاب کے دوران عوام کے سیاسی اور ثقافتی میدانوں میں موجود ہونے کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے اسے ایک سماجی تحریک سے بالاتر، ایک "الہی عبادت" اور دشمنوں کی تذلیل کا باعث قرار دیا۔
انہوں نے ان اجتماعات میں شرکاء کی بلند ہمت اور روحانی جذبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امام خمینی (رہ)، مقام معظم رہبری (رہ)اور عظیم شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین روستا آزاد نے انقلاب اسلامی کے ابتدائی مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے کہا: ہمارے امام جنہوں نے ہمیں استقامت اور مقاومت سکھائی۔ اس دور میں جب ہمارے پاس نہ میزائل تھے، نہ ڈرون اور نہ ہی آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کی طاقت تھی لیکن حضرت امام (رہ) نے خدا پر توکل کرتے ہوئے فرمایا کہ " امریکہ کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا"۔
علوم و ثقافتِ اسلامی تحقیقی انسٹی ٹیوٹ کی علمی کمیٹی کے رکن نے کہا: ہم مقام معظم رہبری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بارہا اپنے نورانی کلام میں عالمی استکبار اور امریکہ کو رسوا کیا۔ اسی طرح ہمارے وہ عزیز فوجی اور سیکیورٹی پر مامور شہداء جنہوں نے وطن اسلامی کی عزت اور آزادی کے لیے اپنے پاک خون کو قربان کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین روستا آزاد نے سورہ توبہ کی آیت نمبر 120 «وَلَا یَطَـُونَ مَوطِئا یَغیظُ ٱلکُفَّارَ إِلَّا کُتِبَ لَهُم بِهِ عَمَلٌ صالِحٌ» کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: خداوند متعال نے قرآن کریم میں اس عمل کو جو دشمن کے غضب اور غصے کا باعث بنتا ہے، دو مرتبہ "عمل صالح" قرار دیا ہے۔ یعنی حق کے راستے میں آپ جو بھی قدم اٹھاتے ہیں، کوئی بھی نعرہ لگاتے ہیں اور کوئی بھی پرچم لہراتے ہیں کہ جو کافروں کی پریشانی اور غصہ کا سبب ہوتا ہے، وہ خدا کے نزدیک لکھا جاتا ہے اور اسے نیک اور صالح عمل کا ثواب ملتا ہے۔









آپ کا تبصرہ